فائل نظام بند، تمام محکموں میں پیپرلیس سسٹم نافذ ہوگا ، پنجاب کابینہ 

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کے 15 ویں اجلاس میں ای گورننس کے لئے اہم اقدام کرتے ہوئے تمام محکموں میں روایتی فائل سسٹم بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی گئی۔ محکموں کے لئے ای فائلنگ سسٹم اپنانے کے لئے 15مئی تک کی مدت نافذ العمل ہوگی۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ٰ محسن نقوی نے اے سی آرز کو بھی ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب کابینہ نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ذہین طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے پنجاب حکومت کے پاس موجود لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات کو دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے رہائشی نوجوانوں کے لواحقین کے لئے 15لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017 میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور این جی او ”تارے زمین پر“ ٹرسٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے پنجاب پولیس پبلک ایپ کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ ایپ میں عوام کی سہولت کیلئے 11 مفید فیچرز شامل کئے گئے ہیں۔ عوام پولیس ایپ کے ذریعے گمشدگی، ورثا کی تلاش، کرائم رپورٹ، ٹریفک سروسز سمیت دیگر سہولتیں حاصل کر سکتے ہیں۔ پولیس ایپ کا ”میرا پیارا“ فیچر تلاش گمشدہ اور تلاش ورثا میں معاون ہو گا۔ پولیس ایپ کے ذریعے گمشدگی کی رپورٹ گھر بیٹھے کی جاسکے گی۔ ویمن ہراسمنٹ فیچر کے ذریعے ہراساں کئے جانے پر ملزم کو فوری ٹریس یا گرفتار کیا جا سکے گا۔ خدمت مرکز کی 18 سروسز پنجاب پولیس پبلک ایپ میں شامل ہیں۔ پولیس ایپ پر شکایات یا کرائم رپورٹ بھی درج کرانے کی سہولت میسر ہو گی۔ نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے واقعات کو ایپ پر اپ لوڈ کرنے سے ڈائریکٹ سی ٹی ڈی تک پہنچ جائے گی۔ ایپ کے ذریعے پولیس اور اس سے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس میں یوتھ انٹرن شپ بھی حاصل کی جا سکے گی۔ محسن نقوی نے اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال کی صاحبزادی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن