اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)پاکستان کے 19 ممتاز کاروباری شخصیات کے گروپ نے واشنگٹن ڈی سی میں سلیکٹ یو ایس اے انویسٹمنٹ سمٹ' میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سلیکٹ یو ایس اے سمٹ امریکہ میں منعقد ہونے والا انتہائی اہم ایونٹ ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنما¶ں کو سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرنا ہے۔ اس سال منعقد ہونے والی سمٹ میں دنیا کے مختلف حصوں سے چار ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ سمٹ میں شریک پاکستانی وفد کلین انرجی، ٹیلی کمیونیکیشن، آئی ٹی، سکیورٹی، کیمیکلز، پیکجز، فیبرکس، تعمیرات، زراعت، مینوفیکچرنگ، فوڈ اینڈ ریستوران، لاجسٹکس، تعلیم، ربڑ کی صنعت، آٹوموبائل سمیت متعدد کاروباروں سے متعلق تھے۔ سفیر مسعود خان نے پاکستانی وفد اور سلیکٹ یو ایس اے کی قیادت کی میزبانی کی جس میں امریکی محکمہ تجارت میں ایشیا کے لیے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مس ایلین کرو ننری اور ایس سی او فارن کمرشل سروسز نیتھن سیفرٹ شامل تھے۔ مسعود خان نے پاک-امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مسعود خان نے اس امر کو اجاگر کیا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور پاکستانی مصنوعات کے لئے برآمدی منڈی ہے۔ ایلین کروننری نے پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا ۔امریکہ کے دورے پر گئے سینیٹر دنیش کمار پالیانی اور سینیٹر گردیپ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے فروغ و تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں سینیٹرز نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ہماری ترجیح ہے اور ہم اس حوالے سے بھرپور طریقے سے کوشاں ہیں۔یہ بات پاکستانی سفیر مسعود خان کی میزبانی میں پاکستان ہا¶س میں ایک تقریب کے دوران کہی۔ دونوں سینیٹرز صاحبان کے ساتھ پاکستانی نژاد اقلیتی رہنما اور امریکہ کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی رہنما بھی موجود تھے ۔ سفیر نے اس موقع پر اقلیتی رہنما الیاس مسیح اور راج راٹھور کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کیا۔سفیر مسعودخان نے سینیٹرز صاحبان کو امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کے ساتھ پاکستان کے جاری مذاکرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
پاکستانی کاروباری وفد کی امریکہ میں کانفرنس میں شرکت، سفیر سے ملاقات
May 06, 2023