اسلام آباد (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) سانحہ پارہ چنار استاتذہ کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں جامع مسجد اثنا عشریہ G-6-2 کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے دہشت گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی اور احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار کی باشعور اور غیور قوم نے وطن پرستی کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا۔ ہم عرصہ دراز سے مقتدر حلقوں کو متوجہ کرتے رہے کہ پارہ چنار میں دشمن بدامنی چاہتا ہے لیکن کسی نے کان نہیں دھرے۔ پارہ چنار میں شیعہ سنی پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ جبکہ ایم ڈبلیو ایم کے تحت ناظم آباد کراچی میں مظاہرہ کیا گیا۔ مولانا صادق جعفری نے کہا کہ اساتذہ کو ظالمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔
اساتذہ قتل/ مظاہرہ
اسلام آباد‘ کراچی میں سانحہ پارہ چنار کےخلاف وحدت المسلمین کا احتجاج
May 06, 2023