بلغراد (نوائے وقت رپورٹ) سربیا میں دو روز قبل سکول میں فائرنگ سے آٹھ طلبا کی ہلاکت کے بعد فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں آٹھ راہگیر ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سربیا میں فائرنگ کے مسلسل دوسرے واقعہ میں کارسوار ملزم نے جدید اور خودکار اسلحے سے راہگیروں کے ایک ٹولے پر گولیاں برسا دیں۔ ملزم فائرنگ کے بعد بآسانی فرار ہو گیا جس کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائی کی جا رہی ہے۔ تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی نہ ہی مقتولین اور قاتل کے درمیان تعلق کا پتہ چل سکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں آٹھ افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گ یا ہے۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی دہشت گردی ہے اس میں غیر ملکی سازش کے شواہد نہیں ملے۔ واضح رہے کہ بدھ کے وز ساتویں جماعت کے ایک طالب علم نے اپنے والد کی پستول سے سکول میں اندھا دھند فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ اور آٹھ طلبا کو قتل کر دیا۔