اسوئہ رسول سے ہمیں ماحول کو پاکیزہ رکھنے کادرس ملتاہے:راغب نعیمی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اسوئہ رسول سے ہمیں ماحول کو پاکیزہ رکھنے کادرس ملتاہے۔ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانا ہماری مشترکہ قومی ذمہ دار ی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی ہماری زندگی کو اقتصادی اور جسمانی دونوں لحاظ سے بہت متاثر کر رہی ہے۔ اسوئہ حسنہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے کہ گلیوں، راستوں ، شاہراہوں اور میدانوں میں گندگی اور غلاظت کی چیزیں نہ ڈالی جائیں۔ فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اسلام میں درخت لگانے اور ان کی حفاظت پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ یہ سبزہ ہی ہے جس سے فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ نبی کریم نے ارشادفرمایا”جب کوئی مسلمان شجر کاری یا کاشتکاری کرتا ہے پھر اس میں سے کوئی پرندہ ، انسان یا حیوان کھاتا ہے تو وہ اس کیلئے صدقہ ہوتا ہے“۔ ان خیالات کاااظہار انہوں نے گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ آلودگی کی مختلف اقسام ہیں مثلاً زمینی آلودگی‘ آبی آلودگی‘ فضائی آلودگی اور شور کی آلودگی وغیرہ۔ آلودگی خواہ کسی بھی قسم کی ہو اس سے انسانی صحت اور قدرتی ماحول بہت بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اگر ہم نے ماحول کو آلودگی سے بچانے میں کوئی کوتاہی برتی یا غفلت اور غیر ذمہ دارانہ روئیے کا مظاہرہ کیا تو مستقبل میں اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے لہٰذازیادہ سے زیادہ شجر کاری اور سایہ دار درخت لگائے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن