لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ اشرفیہ لاہور کے شعبہ حفظ کے استاذ مولانا قاری محمد صدیق علالت کے بعد 85 سال کی عمر میں وفات پاگئے مرحوم جامعہ اشرفیہ نیلاگنبد انار کلی لاہور میں عرصہ 65 سال سے شعبہ حفظ کے صدر مدرس اور استاد تھے۔ بلامبالغہ ہزاروں بچوں نے ان سے قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم مولانا قاری خدا بخش کے شاگرد خاص، انتہائی متقی و پرہیز گار، خادم قرآن،اور نیک سیرت انسان تھے۔ ان کے ملک و بیرون ملک ہزاروں شاگرد قرآن مجید اور دین کی تعلیم دینے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے 3 بیٹے محمد شفیق،حافظ محمد انیق اور محمد حنیف،ایک بیٹی، ہزاروں شاگرد اور عقیدت مند سوگوار چھوڑے مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے پڑھائی ۔ مولانا قاری ارشد عبید،مولانا حافظ اسعد عبید،حافظ خالد حسن،مولانا عبدالرحیم چترالی،جامعہ اشرفیہ نیلا گنبد کے ناظم حافظ سیف اللہ،مولانا اویس ارشد،مولانا حافظ مجیب الرحمن،مولانا مفتی انیس احمد مظاہری، مولانا قاری زکی اللہ کیفی،دیگر اساتذہ، علماء، طلباء،عزیز اقارب اور شاگردوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی بعد میں مرحوم کو مقامی قبرستان شیرشاہ اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔