گوجرانوالہ: ترجمان پرویز الٰہی کے گھر چھاپہ، خیال کاسترو سمیت 5 کی اینٹی کرپشن طلبی

May 06, 2023

لاہور؍ گوجرانوالہ؍ فیصل آباد (خبر نگار+ نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن ٹیم نے پرویز الہی کے ترجمان اور قریبی ساتھی کے گھر پرچھاپہ مارا‘ سابق مشیر وزیراعلی ڈاکٹر زین علی بھٹی گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہ ہوسکے۔ ڈاکٹر زین علی بھٹی کا کہنا ہے کہ میرے گھر پر بغیر کسی مقدمہ اور سرچ وارنٹ کے چھاپہ مارا گیا‘ اینٹی کرپشن کی تین گاڑیوں نے رات گئے میرے گھر پر چھاپہ مارا  اور گھر پر موجود خاتون ملازمہ سے بدتمیزی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی اس غنڈہ گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اینٹی کرپشن پنجاب سرگودھا ریجن نے سابق ایم پی ایز انصرمجید نیازی، افتخار گوندل، عامر عنایت اور غضنفر عباس چھینہ کو گزشتہ روز طلب کیا مگر ان میں سے کوئی بھی تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ انصر مجید  نیازی پر الزام ہے کہ انہوں نے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرکے خوشاب روڈ کی 85کلومیٹر کا ٹھیکہ اپنے فرنٹ مین کو دلوایا۔ سابق ایم پی اے نے 217.228ملین روپے 85کلومیٹر روڈ کی تعمیر میں کمیشن وصول کیا۔ انصرمجید نے  روڈ کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کروایا افتخار گوندل پر الزام ہے کہ انھوں نے ہائی وے کے افسروں و اہلکاران کی ملی بھگت سے ہائی وے کی 450کنال اراضی پر غیرقانونی قبضہ کیا ہوا ہے۔ افتخار گوندل نے ہائی وے کی 450کنال سرکاری اراضی کو ایگری کلچر کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ سابق ایم پی اے عامر عنایت پر الزام ہے کہ مختلف منصوبوں میں  فنڈز میں خورد برد کی ہے۔عنایت عامر نے بھکر  سٹی سے دریائے سندھ کی سڑک کی تعمیر میں 50 فیصد فنڈز  خرد برد کئے۔اینٹی کرپشن پنجاب بہاولپور ریجن نے سابق ایم پی اے عامر نواز خان کو 10 مئی کو طلب کر لیا۔ ایکسیئن ہائی وے فرخ ممتاز، سابقہ ایس ڈی او تحسین احمد، ایس ڈی او جاوید اقبال کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔سابق ایم پی اے عامر نواز پر لوکل گورنمنٹ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں میں فنڈز خورد برد کا الزام ہے۔ تحریک انصاف کے مزید رہنمائوں کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب متحرک ہو گئی۔  تحریک انصاف کے مزید رہنمائوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ خیال احمد کاسترو کے علاوہ تحریک انصاف کے چار سابق ایم پی ایز کو بھی اینٹی کرپشن پنجاب کا بلاوا آیا ہے۔ میاں وارث عزیز، عادل پرویز گجر، شکیل شاہد اور عمر فاروق کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کے خلاف اختیارات سے تجاوز، کرپشن اور ٹھیکوں میں گھپلوں کی انکوائریاں چل رہی ہیں۔ 

مزیدخبریں