پائلٹ نے محفوظ طریقے سے طیارے سے انخلا کیا ، مقامی طبی مرکز منتقل ،حادثے کی تحقیقات شروع
امریکا کا ایف 16 لڑاکا طیارہ جنوبی کوریا میں گرکرتباہ ہوگیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جس میں امریکا کا ایف 16 لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا جو جنوبی کوریا میں ایک بڑے امریکی فوجی اڈے کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔امریکی فوج کی جانب سے بھی طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ طیارہ آٹھویں فائٹر ونگ کے لیے تھا جو ہفتے کی صبح تقریباً 10 بجے اوسان ائیربیس کے قریب کھیتوں میں گرکر تباہ ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے نتیجے میں پائلٹ نے محفوظ طریقے سے طیارے سے انخلا کیا جسے مقامی طبی مرکز منتقل کردیا گیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔جنوبی کورین حکام کا بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور فائر حکام نے طیارے میں لگی آگ کو بجھایا۔امریکی حکام کے مطابق طیارے میں سوار پائلٹ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئیں۔