لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 40ویں 3 روزہ عالمی نمائش رواں سال اکتوبر کے دوسرے ہفتے لاہور میں منعقد ہو گی۔مختلف ممالک سے غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد میں آمد کے پیش نظر یہ ایک بڑا ایونٹ ہوگا اور ہم پر امید ہیں کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت تمام متعلقہ ادارے کامیابی کیلئے بھرپور مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ برآمدات کے فروغ اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہماری تجاویز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں ساتویں زونل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد،میجر (ر) اختر ، سعید خان اور فیصل سعید خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وائس چیئرمین عثمان اشرف نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ میںپاکستانی قالینوں کے خریداروں سے ہونیوالی ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی چین ،امریکہ، برطانیہ، ہنگری، ترکی سمیت دیگر ممالک کے خریداروں کو عالمی نمائش میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔