لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل خلیجی ریاستوں میں کاروباری مواقع اور نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے 21 مئی سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونیوالی 3 روزہ بین الاقوامی نمائش میں شرکت کرے گی۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے گزشتہ روزمحمد اریب کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی اس بین الاقوامی میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی کیونکہ اس نمائش میں دنیا بھر سے ہزاروں صنعت کار شرکت کر کے اپنی مصنوعات کی نمائش کرتے ہیں۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھانے کیلئے اپنی اعلیٰ و بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی نمائش کرے گی۔ یہ ایکسپو پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کیساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع ہے۔ یہ ایکسپو دنیا بھر سے خریداروں کو ایک سورسنگ پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جس میں بنیادی اشیاء سے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔ پی ایف سی پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، سری لنکا و دیگر ممالک میں متعدد بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر کے اپنی مصنوعات متعارف کروا چکی ہے جن کی مارکیٹ بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ غیر ملکی خریداروں سے آرڈرز کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔
پاکستان فرنیچر کونسل بین الاقوامی نمائش میں شرکت کریگی:کاشف اشفاق
May 06, 2024