لاہو(نیوز رپورٹر) عوام کو غذائیت کے فوائد اور متوازن خوراک (بیلنس ڈائٹ) کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک نیا شعبہ نیو ٹریشن ڈیپارٹمنٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی منظوری کے بعد ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ شعبہ ڈاکٹر کاشف عزیز کی نگرانی میں کام کرے گا جبکہ مختلف شعبوں کے 11 ڈاکٹرز اس شعبے کا حصہ ہونگے جو ہسپتال آنیوالے مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی صحتمند،متوازن خوراک اور غذائیت سے بھرپور اشیاء سے متعلق معلومات فراہم کریں گے اور جنک فوڈز، مضر صحت اشیاء خوردونوش کے استعمال اوراحتیاطی تدابیر بارے آگاہی دیں گے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال میں جدید تقاضوں کے مطابق صرف علاج ہی نہیں بلکہ انہیں کونسلنگ کی سہولیات بھی فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا قیام اس سلسلے کا اہم اقدام ہے تاکہ لوگ اپنی خوراک کو بہتر بنا کر بیماریوں سے محفوظ رہیں جس سے ان کا قیمتی سرمایہ اور وقت بھی بچے گا اور وہ علاج کرانے سے بھی بچ سکیں گے۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز مریضوں کیلئے متوازن خوراک کا چارٹ تیار کرنے کے علاوہ استعمال کے طریقہ کار بارے بھی رہنمائی کریں گے۔