6 ٹرک سے زائد امدادی سامان پشاور سیلاب متاثرین میں تقسیم:صوبائی وزیر صحت  

May 06, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر خیبرپی کے میں بارشوں سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی سامان لیکر پشاور گئے اور 6 ٹرک سے زائد کا امدادی سامان سٹی کونسل پشاور کے میئر جاجی زبیر علی کے حوالہ کیا۔ پشاور میئر ہاؤس میں تقریب تقسیم امدادی سامان اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے عمران نذیر نے کہا کہ ہمارے قائد میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت خیبر پی کے کے عوام کیلئے امدادی سامان لیکر حاضر ہوا ہوں۔ ہمارے قائدین خیبر پی کے کی عوام سے بہت پیار، محبت کرتے ہیں۔ ہم مصیبت اور تکلیف کی اس گھڑی میں پختونخوا کے عوام کیساتھ ہیں۔ خیبر پی کے کی عوام کی مدد کیلئے پنجاب حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ خیبرپی کے میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی بحالی کیلئے پنجاب بڑا بھائی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے خیبر پی کے کے متاثرین کی خصوصی مدد کے احکامات دئیے تھے۔اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں پنجاب حکومت کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا۔ بارش سے متاثرہ افراد نے امدادی سامان ملنے پر میاں نواز شریف، مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں