اہل ایمان مادیت پرستی کے بجائے تقویٰ کا راستہ اختیار کریں:راغب نعیمی 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اہل ایمان مادیت پرستی کے بجائے تقویٰ کا راستہ اختیار کریں۔ اعمال صالح سے ایک مسلمان اللہ کریم کی خوشنودی حاصل کر سکتا ہے۔ تمام عبادات کا بنیادی مقصد بھی انسان کے دل میں اللہ کا خوف اور تقویٰ پیدا کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کو تقویٰ پسند ہے۔ ذات پات یا قومیت وغیرہ کی اس کی نگاہ میں کوئی وقعت نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے قابل عزت و احترام وہ شخص ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے طلبہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقویٰ دل کی اس کیفیت کا نام ہے جس کے حاصل ہو جانے کے بعد دل کو گناہوں سے جھجک ہونے لگتی ہے۔ دین اسلام اپنے ماننے والوں کو اعمال صالحہ کا حکم دیتا ہے۔ برے اور گندے کاموں سے منع کرتا ہے۔ اسلام مسلمانوں کو نیکی اور حسن اخلاق کی تلقین کرتا ہے۔ نیک اعمال سے ہماری زندگی پر بہت اچھے اور گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ دنیا و آخرت میں سعادت و کامیابی ملتی ہے۔ تقویٰ اختیار کرنے سے انسان بہت سے گناہوں سے بچا رہتا ہے۔ بہت سی نفسانی خواہشات سے بچا رہتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اسوہ رسولؐ کا مطالعہ کریں اور ان کی سنت پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں۔

ای پیپر دی نیشن