اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چند دنوں میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے متوقع ہیں۔ پاکستان اور چین اگلے تین ہفتوں کے دوران معاشی، سیاسی اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ ملاقاتوں کے پہلے مرحلے میں پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ میں دونوں ملکوں کے وزراء خارجہ کی بات چیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اس ماہ کے وسط میں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے وفد کے ساتھ بیجنگ جائیں گے۔ یہ سالانہ ڈائیلاگ ہیں جن میں دونوں ملک علاقائی اور عالمی مسائل پر باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار کے دورہ کے بعد وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک وفد چینی دارالحکومت جائیں گے جہاں سی پیک سے متعلق جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہو گا۔ وزیر خارجہ اور وزیر منصوبہ بندی کے ان دوروں سے 8فروری کے الیکشن کے بعد وزیر اعظم بننے والے شہباز شریف کے دورہ چین کی راہ ہموارہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ چین جون کے پہلے ہفتے میں ہو سکتا ہے۔ نئی حکومت آنے کے بعد سے پاکستان کی جانب سے سفارتی روابط کو تیز کر دیا گیا۔