پشاور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ نہیں کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فورم پرکیا جاتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایک طرف پی ٹی آئی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے بات چیت کا کہہ رہی ہے دوسری جانب پی ٹی آئی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی دخل اندازی کی بات کر رہی ہے، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی باتیں کرکے فوج کو جان بوجھ کر سیاست میں دھکیل رہی ہے۔ گورنر خیبر پی کے کا کہنا تھا کہ حلف برداری میں وزیراعلیٰ یا کابینہ کی نمائندگی نہ ہونے پر مجھے کوئی تکلیف نہیں، مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت کہیں بھی جاسکتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے، سیاسی جماعتوں کو بالآخر سیاسی جماعتوں سے ہی بات چیت کرنا پڑتی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے مزیدکہا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابات کے حوالے سے تحفظات ہوں گے، تحفظات کے ازالے کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آفتاب شیر پاؤ اور سراج الحق سمیت مختلف سیاسی شخصیات سے رابطہ کرکے انہیں اعتماد میں لیا ہے، خیبرپی کے کو امن وامان اور معاشی بدحالی جیسے مسائل کا سامنا ہے، وفاق سے جڑے صوبے کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔