سری نگر+ کے پی آئی (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ائیر فورس کے قافلے پر حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع پونچھ میں بھارتی ائیرفورس کے قافلے پرگزشتہ رات فائرنگ کی گئی۔ ضلع پونچھ میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ادھر تحریک حریت جموں وکشمیر کے سابق چیرمین شہیدمحمد اشرف صحرائی کی تیسری برسی گزشتہ روز ایل او سی کے دونوں جانب عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ شہیدمحمد اشرف صحرائی کی یاد میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سینئر حریت رہنما محمد اشرف صحرائی شہید کو ان کے تیسرے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی 5مئی 2021ء کو جموں میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران جام شہادت نوش کر گئے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اشرف صحرائی کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیاجائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔