وائٹ ہاؤس کے دروازے سے پراسرار گاڑی کی ٹکر، ڈرائیور ہلاک، الرٹ جاری

May 06, 2024

  واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر ’’وائٹ ہاؤس‘‘ کے داخلی دروازے سے ایک تیز رفتار گاڑی ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کی سکیورٹی الرٹ کردی گئی۔ سکیورٹی ایجنسیز نے ہنگامی اجلاس طلب کرکے تفتیش کا آغاز کردیا کہ اتنی سخت سکیورٹی کے باوجود گاڑی دروازے تک کیسے پہنچی۔ گاڑی میں ڈرائیور کی لاش موجود تھی جس کی تاحال شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے کا 4 ماہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑی ٹکرانے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے تاہم تفتیشی عمل ابھی جاری ہے۔

مزیدخبریں