جنیوا(آئی این پی ) اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی ) کے سربراہ نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی غزہ مکمل قحط کا شکار ہوگیا ہے اور یہ جنوب کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہ سنڈی میک کین نے بتایا کہ غزہ کے موجودہ حالات کو دیکھنا بہت مشکل ہے اور سننا اس سے زیادہ دشوار ہے، وہاں وحشت کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کررہے ہیں کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان ہر ممکن حد تک کشیدگی کم کرکے جنگ بندی معاہدہ کرواسکیں۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ غزہ کیلئے آنے والی امداد کو بھی شہر میں جانے نہیں دیا جارہا۔