اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) خودکش بمبار نظام الدین کے والد اور بھائیوں کے ہوشربا انکشاف سامنے آ گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ خودکش بمبار نظام الدین کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے کو افغانستان لے جایا گیا جہاں اسے غلط تربیت دی گئی۔ بیٹے کی غلطی کی وجہ سے آج ان کے خاندان کا روزگار چھن چکا ہے اور رشتے ناطے اور تعلق بھی ٹوٹ گئے ہیں۔ نظام الدین کے اس عمل سے آج ان کی معاشرے میں کوئی عزت نہیں رہی۔ دہشتگرد ہماری نسلیں تباہ کر رہے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد نظام الدین کے بھائی نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی نے ان کے بھائی کو پیسے کا لالچ دے کر ورغلایا اور اسے ایسا کرنے پر مجبور کیا۔ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں نے ان کے بھائی کو نشے کے انجکشن لگائے۔ واضح رہے دہشتگرد نظام الدین کو 17 اگست 2023ء کو پاک فوج پر خودکش حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ شناخت ہونے کے بعد نظام الدین کے والد اور بھائیوں کو بیرون ملک سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔