پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دو ماہ میں تیسرا عالمی اعزاز، ڈاکٹر یاسر، ڈبلیو ایس آئی ایس پرائز کیلئے منتخب 

May 06, 2024

اسلام آباد، لاہور (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے دو ماہ میں تیسرا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ورلڈ یونین آن انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو ڈبلیو ایس آئی ایس پرائز کیلئے منتخب کر لیا۔ ڈاکٹر یاسر نیاز خان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں بطور چیف ٹیکنیکل آفیسر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ دنیا بھر سے ایک ہزار 49 امیدواروں نے اپنے پراجیکٹس ایوارڈ کے لئے بھیجے، ڈاکٹر یاسر نیاز خان کے پراجیکٹ کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ چیف ٹیکنیکل آفیسر پنجاب سیف سٹیز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال سے زراعت کے شعبے میں اصلاحات پر منتخب کیا گیا ہے۔ ورلڈ سمٹ آن دی انفارمیشن سوسائٹی نے ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو خصوصی پیغام کے ذریعے عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب ہونے پر مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی اور سٹاف نے ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو ایوارڈ کیلئے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے چیف ٹیکنیکل آفیسر پنجاب سیف سٹیز ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو مئی کے آخری ہفتے میں جنیوا میں ایوارڈ دیا جائے گا۔

مزیدخبریں