حج کے دوران قوانین کا احترام لازم، خلاف ورزی مشکلات کا پیدا کرسکتی: طاہر اشرفی

May 06, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) استطاعت کے باوجود فرض حج کی ادائیگی نہ کرنا اللہ کی ناشکری کے مترادف ہے۔ حج کے دوران سعودی قوانین کا احترام سب پر لازم ہے۔ فرقہ وارانہ اور سیاسی منافرت سے خود کو دور رکھیں۔ سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق کچھ بھی شیئر نہ کریں۔ پاکستان میں کرپشن فری حج کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ سہولیات کی عدم فراہمی پر حج آرگنائزر کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پرائیویٹ حجاج کی بکنگ تاحال جاری ہے۔ صرف رجسٹرڈ اداروں سے بکنگ کروائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار حج آرگنائزیشن پاکستان (ہوپ) کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مقامی ہوٹل میں ہوپ کے زیر اہتمام حج تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی حکومت خلاف شریعت قانون سازی نہیں کرتی۔ ان قوانین پر عملدرآمد ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری سمیت سخت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا جو متعلقہ شخص اور ان کی فیملی کیلئے بھی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اور سعودی حکومت کی کاوشوں سے 24000 پرائیویٹ حجاج بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے استفادہ کریں گے۔ اس پر ہم سعودی حکومت اور پاکستانی وزارت مذہبی امور سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 9 مئی سے حجاج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلفی اور ویڈیوز بنانا دوسرے حجاج کو تکلیف دینے کے مترادف ہے۔ حجاج کرام دوران حج اپنی دعاؤں میں مظلوم فلسطینیوں کو ضرور یاد رکھیں۔

مزیدخبریں