خانقاہی نظام نے ہمیشہ اپنی اصلاح پر زور دیا،پیر  نقیب الرحمن 

May 06, 2024

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم  ؐ کی ارفع و اعلی تعلیمات سے روشنی لے کر خانقاہی نظام نے ہمیشہ دوسروں کی بجائے اپنی اصلاح، دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ان کو عزت دینے، ہر قسم کے تعصب، نفرت، فرقہ واریت، انتشار پسندی کے خاتمے اور بین المسالک بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کی تعلیم دی او ی جاتی رہے گی۔اللہ تعالی کی رحمت سے کسی قسم کی کوئی نا امیدی نہیں ۔ امتِ کے پاس فلاح و بقا  اور فتنوں سے بچنے کے لئے نجات کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ راستہ ہے جس میں کوئی کانٹے، نفاق، فتنہ، فساد اورجھگڑا نہیں ہیں اور جو سیدھا ربِ رحمن کی رضا اور خوشنودی کا راستہ ہے وہ راستہ دربارِ رسالت مآب  ؐ سے ملنے والی روشنی ہے۔ دینِ متین سرا سر امن و سلامتی کا دین ہے جس کا راستہ بہت کھلا راستہ ہے اور ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ موجودہ حالات میں ہم کیا مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں جو مایوسی اور نا امیدی کا خاتمہ کرے ۔ مایوسی اور نا امیدی کے خاتمے میں ہمارا یہ مثبت کردار ہی ہمارا وہ اثاثہ ہے جو قبر میں ہمارے ساتھ جائے گا۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کی ظلم و بر بریت سے نجات کے لئے خصوصی دعا کی۔

مزیدخبریں