لاہور (نوائے وقت رپورٹ) آج وقت کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ امت مسلمہ بیدار اور متحد ہو اور فلسطین کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرے۔ یہ صرف فلسطین کی آزادی کا ایشو نہیں ہے بلکہ یہ قبلہ اول کی آزادی کا مسئلہ بھی ہے۔ دنیا بھر کے مظلوم مسلمان ممالک کی آزادی کے تحفظ کا ایشو بھی ہے، اگر ہمارے مسلمان حکمران اور عوام بھی اسی طرح بے حسی اور لا پرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کرتے رہے تو اس کے نتائج تمام آزاد اسلامی ممالک کیلئے بھی خطرناک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان علامہ زبیر احمد ظہیر نے اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے زیر اہتمام پریس کلب مصطفی آباد میں فلسطین کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے مزید کہا کہ فلسطین کے مظلوم بھائیوں، بچوں، بوڑھوں، خواتین، زخمیوں کیلئے جو کچھ ہمیں کرنا چاہئے تھا ہم نے نہیں کیا، اب وقت آ چکا ہے کہ مسلمان ممالک کو اپنے تمام اختلافات ختم کر کے متحد ہو کر فلسطین کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرنا چاہئے۔ ایسے مضبوط فیصلے کرنے چاہئیں کہ اسرائیل کی ظلم و بربریت کا خاتمہ ہو سکے۔ اب فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف یورپ، امریکہ، اسرائیل کے عوام بھی احتجاج کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں اور فلسطین کو بطور آزاد ملک تسلیم کر رہے ہیں۔