پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور میں نوکریاں دیں،سجاد حسین ساجد

اسلام آباد(خبرنگار)پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے ترجمان اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد نے کہا ہے کہ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا دبنگ خطاب مزدور و محنت کش طبقہ، تنخواہ دار ملازمین، صنعتی کارکنوں اور مہنگائی کی چکی میں پسے غریب عوام کے دل کی آواز ہے نجکاری کے خاتمے، تنخواہوں میں اضافے، ای او بی آئی کی صوبوں کو منتقلی اورمہنگائی و بیروزگاری اور عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا دو ٹوک موقف ن لیگ حکومت کیلئے ویک اپ کال کے مترادف ہے جس سے محنت کش طبقے میں امید اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گذشتہ روز جاری کردہ بیان میں سجاد حسین ساجد نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا موقف جراتمندانہ اور دانشمندانہ ہے جس پر وفاقی حکومت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے قومی اداروں کو نجی سیٹھوں کے ہاتھوں غرق ہونے سے بچانے کا یہی واحد راستہ ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر نجکاری کی بجائے سندھ حکومت کے تھر کول پاور پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں کی طرح پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے اداروں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اور کارکنوں کی ملازمتوں اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ سجاد حسین ساجد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور میں نوکریاں دیں، ملازمین کو بحال اور ریگولر کیا، تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کیا، تنخواہ دار و محنت کش طبقہ کو مراعات دیں اور ان کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ سے قانون منظور کرائے۔

ای پیپر دی نیشن