اسلم انصاری ایک نابغہ روزگار ادیب و شاعر ہیں،ڈاکٹر نجیبہ عارف

May 06, 2024

اسلام آباد(خبرنگار)اکادمی ادبیات پاکستان کے زیرِ اہتمام نامور بزرگ شاعر، محقق، نقاد، مترجم، اور افسانہ نگار ڈاکٹر محمد اسلم انصاری کی فارسی کلیات "گلبانگِ آرزو" کی تقریب رونمائی ریڈیو پاکستان کے سیمینار روم میں منعقد ہوئی،صدارت اکادمی ادبیات کی صدر نشین ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اسلم انصاری تھے۔ کلیات پر کلیدی خطبہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آ باد شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے پیش کیا۔ صدارتی خطاب میںڈاکٹر نجیبہ عارف نے کہا کہ اسلم انصاری ایک نابغہ روزگار ادیب و شاعر ہیں۔ ان کے فن و شخصیت کے اعتراف اور ان کی فارسی کلیات کی اشاعت و تقریب رونمائی کا اہتمام اکادمی ادبیات پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے اہم اور نمائندہ اہل قلم کی تقریب میں بھر پور شرکت نے بھی اس تقریب کو یادگار بنا دیا ہے۔ ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود مضافات میں رہنے والے اہلِ قلم کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اکادمی ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ ڈائریکڑ جنرل اکادمی ادبیات پاکستان سلطان محمد نواز ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر اسلم انصاری کے فارسی کلیات کی اشاعت نے ملتان کی مرکزی حیثیت کو مزید نمایاں کر دیا ہے، ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد ،مقتدرہ قومی زبان کے سابق صدر نشین ڈاکٹر انوار احمد ، ڈاکٹر مختار ظفر، ڈاکٹر حمید رضا صدیقی اور شاکر حسین شاکر نے بھی ڈاکٹر اسلم انصاری کے فن اور شخصیت پر گفتگو کی، نظامت محمد اظہر سلیم مجوکہ نے کی۔ پاکستان لٹریری فورم کی طرف سے اکادمی ادبیات کی صدر نشین اور ڈایریکڑ جنرل کو شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ اہل قلم کی طرف سے کتابیں پھول اور نیلی اجرک کے تحائف پیش کئے گئے۔ 

مزیدخبریں