شمالی علاقہ جات میں ذرائع مواصلات سے سیاحت کو فروغ د ینگے،عبدالعلیم خان 

اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گلگت،سکردو اور شمالی علاقہ جات میں ذرائع مواصلات سے سیاحت کو فروغ دیں گے جس کے لئے قراقرم ہائی وے اور منسلکہ شاہراہوں اور موٹر وے پر خصوصی توجہ مرکوز ہو گی تاکہ سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں میں سیرو تفریح کر سکے اور یہاں کے لوگوں کی معاشی حالت میں بہتری آ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اپنے دورہ گلگت کے دوران کیا۔ عبدالعلیم خان سے گلگت بلتستان کے وزیراعلی حاجی گلبر خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی کابینہ کے ارکان، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور وفاقی افسران بھی موجود تھیوزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا استقبال کیا اور قراقرم ہائی وے،جگلوٹ،سکردو روڈ اورٹنلز سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہو ں نے وفاقی وزیر کی گلگت بلتستان آمد کا خیر مقدم کیا اور ان کے دورے کو شمالی علاقہ جات کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان ہمارا گھر ہے، مانسہرہ سے گلگت بلتستان تک موٹر وے بنائیں گے، اسی طرح موٹر وے پولیس کی تعیناتی اور مرمت طلب شاہراہوں کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پرحل ہوں گیوزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو روائتی کیپ پہنائی اور انہیں مارخور کا ماڈل بطور تحفہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے گلگت اور ملحقہ سڑکوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس بھی منعقد کیا۔ انہوں نے جگلوٹ،سکردو روڈ اور سلائیڈ شیلٹرز کا فضائی جائزہ لیا۔عبدالعلیم خان تنگوش روڈ اور دمداس ایریا بھی گئے جہاں انہیں موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ سڑکوں کی تعمیر اور سفری سہولتوں کی بہتری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ آئیندہ بھی شمالی علاقہ جات کا دورہ کرتے رہیں گے تا کہ علاقے میں معیاری اور تیز تر تعمیراتی کام کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل عبدالسمیع، وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور این ایچ اے کے اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن