پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ محمد عامر جلد ہی اپنا ویزا حاصل کر لیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم 7 مئی کوآئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے روانہ ہونے والی ہے لیکن سکواڈ کے ایک اہم رکن محمد عامر ان کے ساتھ نہیں ہوں گے۔آئرلینڈ کے ویزے کے حصول میں تاخیر کے باعث فاسٹ بولر کی روانگی ملتوی کر دی گئی ہے۔ان کے ویزے میں تاخیر ممکنہ طور پر 2010 میں اسپاٹ فکسنگ میں ان کے سابقہ ملوث ہونے سے پیدا ہونے والے خدشات سے منسلک ہے جس کی وجہ سے انہیں برطانیہ میں ایک مختصر جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔یہ پہلا موقع نہیں جب عامر کو ویزا میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح کی صورتحال 2018 میں پاکستان کے پچھلے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوران ہوئی تھی جس کے نتیجے میں وہ بعد میں ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ محمد عامر جلد ہی اپنا ویزا حاصل کر لیں گے۔
یاد رہے سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیاہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں شاداب خان، فخر زمان، محمد رضوان، شاہین آفریدی، افتخار احمد اور عماد وسیم اسکواڈ کا حصہ ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، عثمان خان، اعظم خان، عرفان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، آغا سلمان شامل ہیں۔دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے اُسامہ میر اور زمان خان کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے،سلیکشن کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ غیر معمولی ٹیلنٹ کی دستیابی کی وجہ سے ٹیم کا انتخاب آسان نہیں تھا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف قومی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 10 مئی، دوسرا 12 مئی اور تیسرا میچ 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے گی۔آئر لینڈ سے سیریز مکمل کرنے کے بعد 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی۔