لاہور (این این آئی) پیپلزپارٹی کی قیادت نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو آئندہ عام انتخابات کے سلسلہ میں عوام اور کارکنوں سے رابطے بڑھانے کےلئے زیادہ وقت اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں گزارنے کے احکامات جاری کر دئیے‘ حلقے کے لوگوں اور کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے اور زیر تکمیل ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کرانے کی بھی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی اکثریت اپنے انتخابی حلقوں میں رہائش رکھنے کی بجائے پوش علاقوں میں رہائش پذیر ہے اور اسی تناظر میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تمام ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو ہدایات جاری کی ہیں وہ انتخابات کے سلسلہ میں عوام اور کارکنوں سے رابطے بڑھانے کے لئے نہ صرف اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں بلکہ عوام اور کارکنوں کے پولیس سمیت دیگر اداروں سے متعلقہ کاموں کو ترجیحی بنیادوں پرکرائےں۔ مزید کہا گیا ہے کہ حلقوںمیں زیر تکمیل ترقیاتی سکیموںکوبھی جلد از جلد مکمل کرایا جائے۔
”انتخابات“ زیادہ وقت حلقوں میں گزاریں‘ قیادت کی پیپلز پارٹی کے ارکان کو ہدایت
Nov 06, 2012