کراچی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ہونے والے ریفرنڈم کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے قائداعظم کا پاکستان یا طالبان کا پاکستان کے عنوان سے 8 نومبر کو ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں دائر آئینی درخواست میں گل احمد نے موقف اختیار کیا ہے ملکی حساس معاملات پر ریفرنڈم کرانا پارلیمنٹ کی منظوری سے وزیراعظم کا اختیار ہے۔ کوئی سیاسی جماعت یا شخص اس طرح کا ریفرنڈم نہیں کرا سکتا۔ ایم کیو ایم کا ریفرنڈم ملکی قانون اور آئین سے بغاوت اور پارلیمنٹ کے خلاف اقدام ہے۔ این این آئی کے مطابق امیر انجمن اسلامی اصلاح برائے معاشرہ کے امیر کی درخواست کی سماعت عدالت عالیہ کا دو رکنی بنچ 7 نومبر کو کرے گا۔ درخواست گزار نے الطاف حسین، وفاق پاکستان، الیکشن کمشن، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینٹ، وزارت داخلہ، فاروق ستار سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے اس معاملے پر صدر، وزیراعظم، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلیوں الیکشن کمشن کا خاموش رہنا ملک کیلئے انتہائی خطرناک عمل ہو گا۔