کشمیری رہنما عبدالغنی بھٹ سے ملاقات‘ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاکستان بھارت اقدامات مصنوعی اور ناپائیدار ہونگے: اعجاز الحق

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور پاکستان کیلئے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے یہاں مقبوضہ کشمیر کے ممتاز رہنما عبدالغنی بھٹ کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل ہونا چاہئے کیونکہ اسکے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر معاملات پر بھی ٹھوس پیشرفت ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات کو مصنوعی طور پر معمول پر لانے کے سلسلہ میں تجارت سمیت دیگر اقدامات پائیدار ثابت نہیں ہونگے اور خاکستر میں پوشیدہ چنگاری کسی بھی وقت شعلہ بن کر خطے کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم رہ کر بھارت کے ساتھ مذاکرات کرے کیونکہ اگر پاکستان اپنے دیرینہ موقف سے ہٹ گیا تو پھر اسکے پاﺅں کہیں ٹکنے نہیں پائیں گے جس کا فائدہ بھارت اٹھائیگا۔ اس موقع پر عبدالغنی بھٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے وکیل کی حیثیت سے ان قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دے جو ہزاروں کشمیریوں نے حق خودارادیت کے مقدس مشن کیلئے اپنے خون کی شکل میں دی ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے عوام اپنے نوجوانوں کے خون اور ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں کی عفت و ناموس کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دینگے اور مسئلہ کشمیر کا باوقار حل تلاش کرنے کیلئے اپنی حکومت پر ماضی کی طرح دباﺅ ڈالتے رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن