دوحا (آن لائن) قطر میں شام کی اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کرنے کی کوششوں کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب شام کے سب سے بڑے اپوزیشن گروپ، سریین نیشنل کونسل نے شام کے معاملات میں ’بیرونی مداخلت‘ پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اسے نظرانداز کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی ایما پر قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے مذاکرات کا مقصد شام کی بکھری ہوئی اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کرنا ہے۔ شام کے با اثر منحرف رہنما ریاض سیف نے کہا ہے کہ پچاس گروہوں پر مشتمل ایک گروپ بنا رہے ہیں جسے عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے۔صدر بشار الاسد کے مخالفین دوحہ میں یہ فیصلہ کرنے کے لئے جمع ہیں کہ شامی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک مضبوط اور متحدہ محاذ کیسے تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ شام میں لڑنے والے باغیوں نے شامی نیشنل کونسل پر تنقید کی ہے کہ یہ تنظیم زمینی حقائق سے لاتعلق ہے۔