لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی پنجاب کے سابق سربراہ بریگیڈئر ر اسلم گھمن نے کہا ہمیں امریکہ پر واضح کر دینا چاہئے کہ وہ ہماری امن قائم کرنے کی کوششوں کو خراب نہ کرے۔ اگر ڈرون حملے بند نہ کئے تو سپلائی روٹ بند کر دیں گے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’عزم نو‘‘ مشقوں کے دوران جو ڈرون طیارہ گرایا گیا وہ صرف 3 سے 5 ہزار فٹ کی بلند تک پرواز کرتا ہے اور صرف جاسوسی کے کام آتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اب اوباما پر واضح کر دینا چاہئے کہ ہم ڈالروں کی خاطر اپنا ضمیر، غیرت، ملکی سالمیت نہیں بیچیں گے۔ اوباما پر واضح کر دینا چاہئے کہ اگر ہماری قربانیوں کا خیال نہ رکھا گیا اور ڈرون حملے بند نہ کئے گئے تو ہم نیٹو کی سپلائی روٹ کو بند کر دیں گے۔