برسلز (وقار ملک) یورپین پارلیمنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریڈ نے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی منظوری دیدی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں سٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیدیا۔ 13 ارکان نے پاکستان کو ترقی کے میدان میں شامل کرنے کی استدعا کی اور پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔ ممبران پارلیمنٹ نے کہا پاکستان لاتعداد مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے جہاں دہشت گردی انتہا کی ہے۔ اس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔ یورپین پارلیمنٹ کو ان حالات میں پاکستان کی مدد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا پاکستان میں جمہوری حکومت قائم ہے، ہمیں جمہوریت کیلئے اور عوام کی ترقی کیلئے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینا ہو گا۔ پاکستان کو سٹینڈنگ کمیٹی کی طرف سے دی گئی منظوری پر ممبران پارلیمنٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہا گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی کاوشیں بھی رنگ لائی ہیں۔ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی پیر صدر الدین راشدی نے فیصلے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کیلئے نیک شگون قرار دیا اور کہا جی ایس پی پلس پاکستان کے عوام کیلئے بہتر ہو گا، ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ موجودہ حکومت نے سفارتی سطح پر اہم کاوشیں کی ہیں۔ یہ ایک اچھا فیصلہ ہوا۔ عوام آئندہ بھی اچھے فیصلے سنیں گے۔