وزیراعظم سیکرٹریٹ نے نیٹو اور ایساف فورسز کے گوادر کے راستے انخلاء کی تجویز دیدی

Nov 06, 2013

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے نیٹو اور ایساف فورسز کے گوادر پورٹ کے راستے انخلا کی تجویز دیدی، ابتدائی سمری میں کہا گیا ہے کہ گوادر پورٹ سے نیٹو فورسز کا انخلا محفوظ اور پاکستان کیلئے اقتصادی طور پر فائدہ مند ہو گا اور اس تجویز کے حوالے سے وزیراعظم سیکرٹریٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم سیکرٹریٹ میں قائم سیل کی سمری میں کہا گیا ہے کہ نیٹو فورسز کے انخلا کیلئے استعمال سے گوادر روٹ کی تجارتی اہمیت اجاگر ہو گی۔ بلوچستان میں روزگار کے مواقع بڑھنے سے شدت پسندی کم ہو گی۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ گوادر کے راستے نیٹو فورسز کے انخلا کی شرائط اور طریقہ کار کا تعین صرف پاکستان ہی کرے۔ انخلا کے دوران امریکیوں کی مدد سے بی ایل اے سمیت شدت پسند گروپوں کی کارروائیاں کنٹرول کی جا سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان سے نیٹو افواج کے لئے 70 فیصد سامان طورخم جبکہ 30 فیصد چمن بارڈر کے راستے افغانستان جاتا ہے۔ پاکستان نیٹو سپلائی پر کوئی ٹیکس نہیں لیتا۔

مزیدخبریں