پاکستان کا سمت تبدیل کرنے والے ”حتف 9 نصر“ میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) پاکستان نے کم فاصلے تک زمین سے زمین تک مار کرنیوالے حتف سیریز کے نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حتف نہم(نصر) میزائل 60 کلومیٹر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے اور دوران پرواز سمت تبدیل کرنے اور ہر قسم کا وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل ایک جدید ترین ملٹی ٹیوب لانچر سے فائر کیا جاتا ہے جو میزائل فائر کرنے کے بعد فوری طور پر اپنی پوزیشن تبدیل کر سکتا ہے۔ یہ میزائل موجودہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں پاکستان کو درپیش خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی اور دیگر حکام نے نصر میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کیا۔ صدر ممنون، وزیراعظم نواز شریف اور جنرل کیانی نے نصر میزائل کے کامیاب تجربے پر مسلح افواج، سائنسدانوں اورانجینئرز کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ انہیں مسلح افواج کی پیشہ وارانہ اہلیت پر فخر ہے۔ میزائل نصر کو میدان جنگ کی رینج کا میزائل کہا جاتا اور باور کیا جاتا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن کا توڑ کرنے کیلئے جو میزائل بطور خاص تیار کئے ہیں ان میں نصر کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ سمت و پوزیشن تبدیل کرنے کی صلاحیت کے باعث دشمن کا میزائل شکن نظام نصر کے مقابلہ پر ناکارہ ہو جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن