لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپئینزٹرافی میں پاکستان نے ملائیشیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیکرمسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔جاپان کے شہرکاکا میگھارا میں کھیلے جانیوالے ایونٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اورملائیشیا کے درمیان میچ میں سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گیند کوجال میں نہ پہنچاسکی۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پرحملے کئے۔ کھیل ختم ہونے سے چند سیکنڈزقبل پاکستان کوپنالٹی کارنرملا جس پرشفقت رسول نے گیند کوجال میں پہنچا کرپاکستان کوایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی دلوادی۔ اس فتح کے بعد پاکستان کے فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ گرین شرٹس اپنا چوتھا میچ کل روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گی۔ پاکستان نے پہلے میچ میںاومان اور دوسرے میچ میں چین کو شکست سے دوچار کیاتھا۔