لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب کو پولیو فری بنایا جبکہ شہبازشریف کی ناقص ہیلتھ پالیسی کی وجہ سے روزانہ معصوم بچے اس کا شکار ہو رہے ہیں، 2007ء میں جب ہماری حکومت کی مدت مکمل ہوئی تھی تو پنجاب میں پولیو کے نئے کیسز کی تعداد صفر ہو چکی تھی۔ ہم نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسیف اور دیگر عالمی ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے پولیو، ہیپاٹائٹس، ایڈز اور دیگر جان لیوا بیماریوں کے خاتمہ کیلئے ساڑھے 6ارب روپے کی لاگت سے کامیاب اور موثر ترین مہم شروع کی جبکہ شہبازشریف حکومت کی ناقص ہیلتھ پالیسی کی وجہ سے پنجاب میں پولیو کی بیماری دوبارہ پھیلنا شروع ہو گئی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبہ کی طرف شہبازشریف حکومت کی عدم توجہ کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ گلوبل پولیو اریڈیکیشن پروگرام کی ایک حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق دنیا میں پولیو کے سامنے آنے والے نئے کیسز میں 80فیصد پاکستان میں ہیں۔ یہ رپورٹ موجودہ حکومت کے منہ پر ایک طمانچہ ہے جو صحت عامہ کے شعبہ کو نظرانداز کرکے عوام کو اربوں روپیہ فضول اور نمائشی منصوبوں پر ضائع کر رہی ہے۔