مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی فائرنگ‘ دو نوجوان شہید‘ دوسرے روز بھی ہڑتال جھڑپیں جاری‘ متعدد زخمی کشمیری آج یوم شہدا منائیں گے

Nov 06, 2014

سرینگر(اے پی پی+ثنا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو کشمیری نوجوان شہید ہو گئے واقعہ کے خلاف کشمیریوں نے مکمل ہڑتال کر دی زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے کئی علاقوں میں یوم عاشور کے جلوس نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی جبکہ سرینگر اور بڈ گام میں کرفیو نافذ رہا، حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بڈ گام میں بھارتی فوجیوں نے دونوجوانوں فیصل یوسف اور معراج الدین کو چیک پوائنٹ پر نہ رکنے پر فائرنگ کر کے شہید جبکہ دو افراد کو زخمی کر دیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے سرینگر کے لالچوک اور نوگام علاقوں میں لوگوں پر طاقت کا بے تحاشا استعمال کیا اور متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔ اس موقع پر حریت رہنماﺅں آغا سید مجتبیٰ اور غلام محمد ناگو کو بیسیوں ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی پولیس نے نوگام میں احتجاجی مظاہرین پر آنسو گےس کے گولے داغے اور گولیاں چلائیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین میر واعظ عمر فاروق، بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی ،جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دوسری تمام آزادی پسند تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوانوں کے قتل کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین میر واعظ عمر فاروق کو عوامی اجتماعات میں خطاب کرنے سے روکنے کے لئے گھر میں نظر بند کر دیا۔سری نگر میں سڑکیں سنسان اور مارکیٹیں بند رہیں بھارتی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ قابض انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو بھی واقعے میں ملوث پایا گیا سزا دی جائے گی۔ادھرپاکستان ، بھارت سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج 6 نومبر کو یوم شہدا منائیں گے ۔ جلسے جلوس ریلیاں اور سیمنارز ہونگے ۔ جس میں 19 وی میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائیگا ۔ 6نومبر کا دن کشمیر ی عوام کی پاکستان کے ساتھ ریاست جموں وکشمیر کے الحاق کی جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو یاد تازہ کرتا ہے ۔ اس روز 1947 میں بھارتی فوجیوں نے مہاجرین کی بسوں پر حملہ کرکے قتل عام کیا ۔

کشمےر جھڑپےں

مزیدخبریں