اسلام آباد(ایجنسیاں) چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے عمران خان سے ملاقات سے انکار کردیا۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری رضوان کے مطابق پارٹی رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے ایک ہفتہ قبل چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کے لیے خط لکھا گیا تھا۔ عمران خان، جہانگیر ترین اور چوہدری سرور کو سردار محمد رضا سے ملاقات کےلئے جانا تھا جس میں این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں بے ضابطگی اور ووٹ ٹرانسفر کیے جانے کے حوالے سے ثبوت پیش کرنا تھے۔ تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران ناقص سکیورٹی انتظامات کا معاملہ بھی اٹھایا جانا تھا تاہم چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے رہنماو¿ں سے ملاقات سے معذرت کرلی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے تحریک انصاف کو شکایات تحریری شکل میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ چوہدری رضوان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت مشاورت کے بعد شکایات جمع کرانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے بھی عمران خان اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے اپنی مصروفیات کی وجہ سے عمران خان سے ملاقات کرنے سے معذرت کی۔ آن لائن کے مطابق الیکشن کمشن حکام نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر کے بتایا کہ الیکشن کمشنر سردار رضا خان جمعرات کو مختلف اجلاسوں اور سماعتوں میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے عمران خان سے ملاقات نہیں کر سکتے۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمشنر نے عمران خان کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ کسی اور دن ملاقات کیلئے وقت مقرر کرلیں۔
چیف الیکشن کمشنر