انگلینڈ کو ٹیسٹ ہرا کر سیریز جیت لی‘ پاکستان دس سال بعد عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر

لاہور + شارجہ (نمائندہ سپورٹس+نیوز ایجنسیاں) شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 127 رنز سے شکست دیکر سیریز دو صفر سے جیت لی۔ قومی ٹیم نے 10 سال بعد آئی سی سی کی ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔ پاکستانی سپنرز نے انگلینڈ کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔ مہمان ٹیم کے بلے باز پاکستانی سپنرز یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور شعیب ملک کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔ آخری روز انگلینڈ کو جیت کےلئے 238 رنز درکار تھے جبکہ اس کی 8وکٹیں باقی تھیں۔ کپتان الیسٹر کک کی 63رنز کی مزاحمتی اننگز بھی انگلینڈ کو شکست سے نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 156رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان نے 127 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے4 شعیب ملک 3، ذوالفقار بابر نے 2 اور راحت علی نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا 151 رنز کی اننگز کھیلنے پر حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ 15وکٹیں لینے پر یاسر شاہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ہوم سیریز میں پاکستان کی مسلسل پانچویں جیت ہے۔ قومی ٹیم نے دس سال بعد آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ اگست 2006ءمیں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ انگلینڈ کیخلاف شارجہ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے سپن باﺅلرز نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ میں انگلش ٹیم کے 17کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی سپنرز کی جادوئی باﺅلنگ نے انگلینڈ ٹیم کو پریشانی میں مبتلا کئے رکھا پہلی اننگز میں شعیب ملک نے 4انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور یاسر شاہ بھی تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ذوالفقار بابر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ 2012ءمیں بھی پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کو کلین سویپ کیا تھا اس وقت بھی مہمان ٹیم پاکستان سپن باﺅلرز کے سامنے بے بس نظر آئی تھی۔ اے پی پی کے مطابق انگلش ٹیم 284 رنز کے تعاقب میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایلیسٹر کک 63 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ حفیظ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ یاسر شاہ سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ اس طرح پاکستان نے عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزشین حاصل کر لی ہے۔ آن لائن کے مطابق پاکستان نے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹیسٹ سیریز جیتنے کی ہیٹ ٹرک کر لی، کپتان مصباح الحق کی یہ 20 ویں کامیابی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی، دوسری جانب سے پاکستانی کیپٹن مصباح الحق نے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد بطور کیپٹن 20 ویں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر قومی رہنماﺅں نے شارجہ ٹیسٹ اور سیریز جیت کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرا نمبر حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سراہتے ہوئے مبارکباد دی، وزیراعظم نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہے گی۔
ٹیسٹ سیریز جیت

ای پیپر دی نیشن