تاجروں کے مسائل کا حل‘ 15نومبر تک معاہدہ کا امکان

Nov 06, 2015

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تاجروں کا ایشوز کے حل کیلئے کام کرنے والی کمیٹیوں کے اجلاس میں ’’نان فائلرز‘‘ کے لئے ایک صفحہ پر مشتمل گوشوارہ فارم جاری کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا۔ ایف بی آر میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے ایشوز کے حوالے سے دو کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔سیلز ٹیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے کی اور انکم ٹیکس کمیٹی اجلاس کی صدارت ممبر ایف بی آر شاہد حسن اسد نے کی۔ان اجلاسوں میں تاجر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بات چیت میں 28نکات پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔سینئر ممبر شاہد حسن اسد اور ممبر آپریشن اشرف خان نے تاجر نمائندوں کو یقین دلایا کہ ایف بی آر کسی تجویز کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔تمام تجاویز وزیر خزانہ کے سامنے رکھی جائیں گی۔ایف بی آر کسی تجویز کو نہیں روکے گا۔کمیٹیاں اپنی سفارشات 15نومبر تک وزیر خزانہ کو پیش کردیں گی۔وزیر خزانہ وزیراعظم اور کابینہ کی مشاورت کے بعد فیصلے کا اعلان کریں گے۔یہ توقع ظاہر کی گئی کہ 15نومبر تک معاہدہ ہوجائے گا۔مذاکرات کا آئندہ دور اگلے ہفتے ہوگا۔

مزیدخبریں