اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے ایل پی جی غیر قانونی کوٹہ کیس میں نیب کی درخواست پر سابق وزیر انور سیف اللہ اور ناہید خان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس اعجاز چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز مقدمے کی سماعت کی۔ اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ قومی احتساب بیورو نے ایل پی جی غیر قانونی معاملات میں انور سیف اللہ اور ناہید خان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔ تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں اس ریفرنس سے بری کر دیا ہے۔ عدالت کا یہ حکم غیر آئینی ہے۔ عدالت کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے انور سیف اللہ اور ناہید خان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے اور فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔