پاکستان اور بھارت کی کشیدگی ایٹمی جنگ کے امکانات بڑھ رہے ہیں

Nov 06, 2015

واشنگٹن (این این آئی) امریکی تھنک ٹینکس کے ایک گروپ نے خبر دار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کے خطرات موجود ہیں، یہ خدشات وقت گزر نے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس کے تجزیاتی گروپ اور تھنک ٹینک کے سٹریٹ فار نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایٹمی جنگ کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ ایک اور تھینک ٹینک سٹم سن سینٹر کے مائیکل کریپن نے کہا ہے کہ پاکستان روایتی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کو عسکری صلاحیت کے طورپر استعمال کر رہا ہے، پاکستان کا ان ہتھیاروں پر انحصار برصغیر میں خطرناک ایٹمی جنگ کے خدشے کو بڑھا دیتا ہے۔ سٹریٹ فار نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ امریکی یونیورسٹی کے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ڈیوڈ ڈبلیو بارنو اور ڈاکٹر نورا نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی بڑے سانحے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، اگر مستقبل میں ممبئی حملوں جیسا کوئی اقدام ہوتا ہے تو بھارتی حکومت تحمل کا مظاہرہ نہیں کر سکے گی اور وزیراعظم نریندرمودی فوج کو استعمال کر نے سے باز نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کا کر دار اس حوالے سے اہم ہے، وہ کوئی بھی مستقبل کا بحران روکنے کےلئے سفارتی ذرائع استعمال کر سکتا ہے کیونکہ اگر کوئی اس قسم کا سانحہ ہوا تو لاکھوں افراد کی ہلاکتیں اور یہ ماحول کےلئے بھی تباہ کن ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری مذاکرات میں آنے والا تعطل خوش آئند نہیں، اس سے بھی جوہری خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ امن مذاکرات کےلئے دونوں ممالک کے درمیان بیک چینل کو متحرک کیا جانا چاہئے۔ پاکستان میں سویلین وزیراعظم تنازعات کے حل میں یکطرفہ طورپر کچھ نہیں کر سکتا اس کےلئے مودی کو آگے بڑھنا ہو گا۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ایک طرف بھارت اپنے روایتی جنگی ہتھیاروں کے ذخائر بڑھاتا رہے گا۔ پاکستان کو جوہری ہتھیاروں کےلئے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہو گی۔
تھنک ٹینکس

مزیدخبریں