لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر پاکستان واٹراینڈ پاورڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے کوئٹہ میں واٹر سکیورٹی ایشوز پرمشاورتی اجلاس منعقدکیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے شرکاء کو مشاورتی اجلاس کے مقاصدسے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایاکہ وزیراعظم پاکستان نے واپڈاکو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ واٹرسیکٹرکے تمام سٹیک ہولڈرزکے ساتھ مشاورت کرے تاکہ واٹرسیکورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کے اقدامات کوحتمی شکل دی جاسکے۔انہوںنے کہاکہ لاہور،اسلام آباد اور حیدرآباد کے بعد کوئٹہ میںمنعقدہونے والا یہ چوتھا مشاورتی اجلاس ہے ۔زندگی کے لئے پانی کی اہمیت کاذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈانے کہاکہ آبادی میں تیزی سے اضافہ کی وجہ سے پاکستان میںپانی کی فی کس دستیابی گھمبیر صورت حال اختیارکرتی جارہی ہے اوراس چیلنج سے نمٹنے کے لئے فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔مشاورتی اجلاس میں بلوچستان کی حکومت، دیگرسٹیک ہولڈرز اور آبی ماہرین کی بھرپورشمولیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اجلاس میںپیش کی جانے والی سفارشات اورتجاویزبین الصوبائی ہم آہنگی پیداکرنے اورواٹرسیکورٹی پر قومی پالیسی مرتب کرنے میںمعاون ثابت ہوں گی۔