زہر آلود دھند جاری، ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت8 افراد جاں بحق

Nov 06, 2016

لاہور (نامہ نگاران +نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زہر آلود دھند کا سلسلہ جاری ہے محکمہ موسمیات کے مطابق زہر آلود دھند کا سلسلہ آئندہ ہفتہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے نومبر دسمبر میں بارشیں بھی معمول سے کم ہوں گی۔ دھند کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت8افراد جاں بحق ہو گئے 12زخمی ہوئے، سموگ کے باعث پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے ذرائع کے مطابق لاہور سے سیال موڑتک، موٹروے ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹروے ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ، شورکوٹ سیکشن تک بند کر دی گئی۔ حافظ آباد، کوٹ مومن، مانگا منڈی، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں بھی شدید دھند کا راج رہا اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ سموگ کے باعث ملتان میں حد نگاہ چھ سو میٹر ہوگئی ہے جس کے باعث تھل جیب ریلی تاخیر کا شکار ہوگئی۔ فیصل آباد میں بھی سموگ کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود دھند کا سلسلہ مزید ایک ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹے میں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چکوال کے نواحی علاقے دھرابی میں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 2خواتین جاں بحق اور 12افراد زخمی ہو گئے۔ میاں چنوں کے نواحی گائوں 46پندرہ ایل کا رہائشی غلام دستگیر اپنے والد کو بس سٹینڈ پر چھوڑ کر واپس آرہا تھا کہ شدید دھند کے باعث موٹر سائیکل کھڈے میں گرنے سے نوجوان نہر15ایل میں گر کر ڈوب گیا۔پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق سکندر چوک کے رہائشی نور سکندر کا سوتیلا بیٹا عمر فاروق اپنی بیوی عابدہ کے ساتھ کار پر جا رہا تھا۔ تیز رفتاری کے باعث مزدا بے قابو ہو کر کار میں ٹکرا گیا جس سے عمر فاروق اور عابدہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ کے قاضی کوٹ میں موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں شدید زخمی ہونیوالا نامعلوم موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اسی طرح کامونکی ٹول پلازہ، اوجلہ پل ، حافظ آباد روڈ، بٹرانوالی اور علی پور روڈ پر بھی ٹریفک کے حادثات ہو ئے، ان حادثات کا شکار ہونیوالے عزیر، وقاص، نسیم، عمران، مستنصر، لیاقت، نوید اور طارق و غیرہ کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال داخل کر وا دیا گیا۔پتوکی اور قصور سے نامہ نگاران کے مطابق پتوکی کے نواحی ٹول پلازہ ملتان روڈ کے نزدیک دو تیز رفتار مسافر بسیں آمنے سامنے آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث ایک طالب علم شان جاں بحق جبکہ پندرہ مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ پر طلباء اور اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ فرید ایکسپریس لاہور سے قصور آ رہی تھی کہ راجہ جنگ کے نزدیک رحمت علی سڑک کراس کرتے ہوئے دھند کی وجہ سے ٹرین کو نہ دیکھ سکا اور ٹرین تلے آ کر کچلا گیا اور موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ہڑپہ سے نامہ نگار کے مطابق چیچہ وطنی کا رہائشی موٹر سائیکل سوار شاہد رشید دھند کے باعث ٹرک سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال شفٹ کر دیا گیا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث تھانہ کسووال پولیس وین بائی پاس پر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس سے چار پولیس ملازمین ڈرائیور محمد اکرم، سب انسپکٹر سکند اور کانسٹیبلان نسیم عباس اور فہیم زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب ہائی کورٹ میں سموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کل سات نومبر کو درخواست پر ابتدائی سماعت کرینگے۔ادھر نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کیچریوال نے سموگ کو گیس چیمبر سے تشبیہ دی ہے انہوں نے ایک اجلاس میں کہا کہ دیوالی پر آتشبازی سے آلودگی میں کم اضافہ ہوا انہوں نے کہا کہ سکول ایک روز سے زیادہ بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے آلودگی کی بنیادی وجہ ہماری ہمسایہ ریاستوں میں فصلوں کو جلانا ہے۔

مزیدخبریں