ملتان(نامہ نگار‘ خاتون رپورٹر) جنوبی ایشیاءکے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاءالدین زکریا ملتانی ؒ کے 777 ویں سالانہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات آج 6 نومبر سے دربار عالیہ واقع قاسم باغ، ملتان میں شروع ہوں گی اور 8نومبر تک جاری رہیں گی۔ تقریبات کا آغاز 9:30 بجے صبح درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، دربار حضرت موسی پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی اور دیگر مشائخ تقریب غسل سے کریں گے۔ اس کی بعد سالانہ قومی زکریا کانفرنس درگاہ کے احاطے میں منعقد ہو گی۔ مفتی غلام مصطفی رضوی، مفتی ہدایت اللہ پسروری، صاحبزادہ جاوید سعید کاظمی، علامہ محمد رمضان شاہ فیضی اور علامہ محمد فاروق خان سعیدی خطاب کریں گے۔ رات کو حسن قرات و نعت ہوگی۔ عرس کے دوسرے روز 7 نومبر 10 بجے دن قومی زکریا کانفرنس میں پیر خالد سلطان قادری اور دیگر مقررین خطاب کریں گے۔ رات کو محفل سماع ہوگی۔ 8نومبر کو اختتامی تقریبات میں جماعت اہلسنت کے سربراہ علامہ مظہر سعید کاظمی، خواجہ معین الدین کوریجہ، خواجہ غلام قطب الدین فریدی اور مفتی محمد رمضان سیالوی خطاب کریں گے۔ ایک بجے دن ختم شریف درودوسلام اور اجتماعی دعا ہو گی۔دریں اثناءعرس کی تین روزہ تقریبات کے حوالے سے انتظامیہ اوقاف کی جانب سے گزشتہ تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ دربار پر حاضری دینے آنے والے زائرین کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے دربار کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں جبکہ دروازوں پر سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو بنا چیکنگ کسی زائرین کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں جبکہ دربار پر 9 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے تقریبات کی مکمل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے ۔سالانہ عرس کے موقع پر ملتان پولیس کے کل 571 افسران اور اہلکار عرس پر اپنے فرائض انجام دیں گے سکیورٹی کی نگرانی ایس پی سٹی ڈویژن‘ ایس ایس پی آپریشنز ملتان میں جواد طارق کر رہے ہیں سپیشل برانچ سے عرس سے پہلے کلین سوئپنگ کرائی گئی داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کے لئے واکٹ تھرو گیٹس نصب کئے گئے اس کے علاوہ 4ریزرو ہائے سٹینڈ ٹو پولیس لائن رہیں گی تناکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کو بیک اپ مہیا کیا جا سکے۔