مچھ، پشاور، مہمند ایجنسی، کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+آن لائن+ این این آئی) مچھ میں ایف سی اور حساس اداروں کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گرد ٹرین حملوں میں ملوث تھے۔ مچھ کے علاقے آب گم میں ایف سی حکام کے مطابق ملزموں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد 7 اور 16 اکتوبر کو ہونیوالے ٹرین حملوں میں ملوث تھے اور انکا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری سمیت 31 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔ قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کی قندارو میں روڈ کناے نصب بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی گئی۔ بعد میں لیویز اور خاصہ دار فورس نے اردگرد علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا اور 9 افراد کو اجتماعی ذمہ داری اور شک کی بنا پر گرفتار کر کے غلنئی جیل منتقل کردیا ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع کوہلو میں لیویز فورس اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کوہلو کے علاقے بجاواڈ میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ دریں اثنا خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں تختہ بیگ چیک پوسٹ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک خاصہ دار اہلکار شہید ہو گیا۔ لیویز کے مطابق حملہ آور فرار ہوگئے۔
مچھ: فورسز نے 3 دہشت گرد مار دیئے: خیبرایجنسی‘ چیک پوسٹ پر حملہ‘ خاصہ دار شہید
Nov 06, 2016