مقبوضہ بیت المقدس( اے این این )صہیونی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں بیت المقدس میں قائم اسرائیلی بلدیہ نے شہر کی تمام مساجد میں اذان پرپابندی کی نئی سازش تیار کرلی تاہم اس سازش کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔ اسرائیل کے مقتدر حلقوں کے مقرب نیوز ویب پورٹل کول اسرائیل نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے مسجد اقصیٰ سمیت بیت المقدس کی تمام مساجد میں اذان پر جزوی یا مستقل پابندی کے لیے تجاویز حکومت کے سامنے پیش کی تھیں۔ حکومت نے ان تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ کے میئر نیئر برکات نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی پولیس کے تعاون سے مسجد اقصٰی اور بیت المقدس کی تمام مساجد میں اذان پر پابندی کے حوالے سے سکیم تیار کریں۔ صہیونی بلدیہ کے سربراہ نے اسرائیلی پولیس چیف کو ایک مکتوب بھی ارسال کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اذان پر پابندی عائد کیے جانے کی تجاویز پر عمل درآمد کے لیے پلان تیار کریں۔
اذان