ایاز صادق کی ملاقات، عوام نے دھرنا پارٹی کی ملک ترقی و خوشحالی روکنے کی ناپاک کوشش مسترد کر دی: شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی ہے لاہور میں ہونیوالی اس ملاقات کے دوران ہے باہمی دلچسپی ملکی سلامتی کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ خدمت کی سیاست کے ہاتھوں جھوٹ اور منفی سیاست کو مات ہوئی۔ عوام نے ثابت کر دیا اب کسی کو ملک کی سیاست کھوٹی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دھرنا پارٹی کی ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کی ناپاک کوشش کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کی صورتحال 2013 سے بہت بہتر ہے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ عوامی خدمت کے لئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔ آج ملکی ترقی کی رفتار بڑھ چکی ہے اور 2013ءکے مقابلے میں پاکستان بہت بدل چکا۔ ہم شفافیت اور خوشحالی کی سیاست کر رہے ہیں جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان میں بہتر ہوتی اقتصادی صورتحال کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں۔ منفی اور انتشار کی سیاست ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے زہر قاتل ہے۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا ہے انتشار پھیلانے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی ,اسلام آباد بند کرنےکی دھمکیوں کے پیچھے ملک کی تیزرفتارترقی کا خوف تھا ,دھرنا گروپ کو خوف ہے کہ منصوبے مکمل ہوگئے تو ان کا کیا بنے گا ,پاکستان سے جہالت اور بیروزگاری کے اندھیرے چھٹنے کا وقت آ گیا۔ سی پیک منصوبے سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سی پیک ملکی ترقی اور خوشحالی کاضامن ہے،اربوں ڈالر کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک کی تقدیر ہی نہیں بدلے گی بلکہ دھرنا گروپ کی ذاتی مفادات کی سیاست بھی دفن ہوجائے گی۔ 36ارب ڈالر سے توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک روشن ہوگا، اندھیرے چھٹ جائیں گے اورکئی برس سے لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا قوم کو راحت ملے گی جبکہ ان توانائی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کووافر اور سستی بجلی بھی ملے گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا پاکستان سے جہالت ، بے روزگاری اور مایوسی کے اندھیرے چھٹنے کا وقت آگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن