رینالہ خورد( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے بیرونی دنیا کے لیے بند دروازے اور کھڑکیاں کھل رہی ہیں۔ رواں سال تین مرتبہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آ کر کھیلنے سے واضح ہوتا ہے کہ بیرونی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ویران میدان آباد ہوں۔ پاکستان کے تمام سٹیڈیمز بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کریں۔ ہم دہشت گردی کو کرکٹ کے ذریعے ختم کریں گے، اس برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ کرکٹ قوم کو متحد کرنے کی بڑی طاقت ہے اور ہم اپنی اس طاقت کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شائقین کرکٹ اور پاکستانی عوام کو خوشیاں دیں گے۔ وہ رینالہ خورد میں اوکاڑہ سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ محسن گروپ کے زیر انتظام ہونیوالے اس ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر دنیائے کرکٹ کے تیز ترین گیند باز شعیب اختر، اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ، پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ بھی شریک تھے۔ شائقین کرکٹ کی بہت بڑی تعداد فائنل دیکھنے کے لیے موجود تھی۔ ہزاروں کی تعداد میں شائقین کرکٹ اس فائنل کو دیکھنے کے لیے مچلز فارمز کے سو سالہ قدیمی کرکٹ گراونڈ میں موجود تھے۔ شائقین کا جوش و خروش دیکھنے لائق تھا۔ شعیب اختر کی گراونڈ میں آمد کے موقع پر شائقین نے انکا والہانہ استقبال کیا۔ پرستار دنیائے کرکٹ کے تیز ترین گیند باز کے تصاویر بنواتے رہے۔ شعیب اختر نے پہلی اننگز کے اختتام کے موقع پر شائقین کی حوصلہ افزائی کے لیے گراونڈ کا چکر بھی لگایا۔ پرستاروں کی بڑی تعداد کے میدان میں آنے پر پولیس اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی۔ فائنل میچ نعمت الیون اور مچلز الیون کے مابین کھیلا گیا نعمت الیون نے فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم مشکل حالات میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں نمبر ون بنے، پھر ہم نے چیمپئنز ٹرافی جیت کر اپنی برتری ثابت کی اور اب ہم ٹونٹی ٹونٹی میں بھی ورلڈ نمبر ون بنے ہیں یہ ہمارے کرکٹرز کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمارے ماہرین ہر سطح پر کرکٹ کے ایونٹس کے لیے سب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کی طرز پر ملک بھر میں کرکٹ شروع ہو جائے تو نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔ ویسٹ انڈیز کے ساتھ دورہ طے ہے آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے فیصلہ ہو جائیگا تاہم سموگ کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اگر ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی ہے تو آئی سی سی کے میچ ریفری موسمی حالات میں میچ کی اجازت نہیں دیں گے ہم محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کامیابیاں حوصلہ افزا ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان کے عوام میں کھیل سے محبت کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے۔ پی ایس ایل، ورلڈ الیون اور اب سری لنکا کی ٹیم نے بھی ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلا ہے ۔ غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان آنے سے ہماری کرکٹ کو بہت فائدہ ہو گا۔ راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے انڈر نائینٹین ٹورنامنٹ میں کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو دیکھا ہے معیاری کرکٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ کا کہنا تھا رینالہ خورد کےعوام کے لیے معیاری تفریح کا بندوبست کرنے پر جگنو محسن مبارکباد کی مستحق ہیں۔ شعیب اختر پاکستان کا فخر ہیں۔کھیل کے میدان میں انکی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں۔ نچلی سطح پر کھیل کو بہتر انداز میں منظم کیا جائے تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مناسب مواقع ملیں معاشرے میں منفی سرگرمیوں کا خاتمہ ہو گا۔